کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقا کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔
تاہم عبداللہ شفیق مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر 48 رنز کی شراکت داری قائم کی، گزشتہ میچ میں سینچری اسکور کرنے والے صائم ایوب 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
53 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے پر اعتماد بیٹنگ کی اور نصف سینچریاں اسکور کی، بابر اعظم نے کریئر کی 33 ویں اور محمد رضوان نے 14ویں ففٹی اسکور کی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مفاکا نے 4، مارکو یانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے ون ڈے کیلئے جنوبی افریقا کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ پاکستان ٹیم نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھا اور کوئی تبدیلی نہیں کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں میزبان جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔