بھارتی ہندو یاتریوں کا 71 رکنی وفد، جس کی قیادت وجے کمار شرما کر رہے ہیں، کٹاس راج مندر میں مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچ گیا۔ یہ دورہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کی علامت ہے۔
ہندو یاتریوں کا پرتپاک استقبال متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری (درگاہوں) سیف اللہ کھوکھر اور پاکستان ہندو ٹیمپل مینجمنٹ کمیٹی کے صدر کرشنا شرما نے کیا۔وفد کو وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔
وجے کمار شرما نے دورے کو امن اور محبت کی علامت قرار دیا۔اورپاکستان میں ہر دورے کے دوران یاتریوں کے لیے بہتر انتظامات کی تعریف کی۔کرشنا شرما نے کہاکہ پاکستان میں ہندو مذہبی مقامات کی حفاظت اور بحالی پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ یہ مقامات محفوظ ہیں اور ان کی دیکھ بھال متروکہ وقف املاک بورڈ کرتا ہے۔
- مذہبی رسومات اور دورے کی تفصیلات:
- یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے کٹاس راج مندر روانہ ہوں گے۔
- 21 دسمبر کو یاتری بھانو سپتمی کی تقریب انجام دیں گے اور شام کو دیپ مالا کی رسم میں حصہ لیں گے، جہاں تیل کے لیمپ روشن کیے جائیں گے۔
- یہ سات روزہ دورہ 25 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔