نیواڈا : امریکہ کے محکمۂ زراعت نے کہا ہے کہ ریاست نیواڈا میں دودھ دینے والے بعض مویشیوں میں برڈ فلو کی ایک نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔ وبا کی یہ قسم امریکہ میں گزشتہ برس پھیلنے والے برڈ فلو سے مختلف ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق مویشی جس نئی قسم سے متاثر ہوئے ہیں وہ پرندوں میں پائے جانے والے برڈفلو یا ایون انفلوئزا (اے-ایچ فائیو این-ون) کی ایک مختلف شکل ہے جو دودھ دینے والے مویشیوں میں پھیلی ہے۔
محکمۂ زراعت کے مطابق ریاست نیواڈا میں جمعے کو مویشیوں میں برڈفلو کی جس نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے اسے ‘ڈی ون ون’ کا نام دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ میں گزشتہ ماہ برڈفلو سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی تھی اور متاثرہ شخص میں وبا کی ’ڈی ون ون‘ قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔
امریکی ریاست ٹینیسی کے سینٹ جوڈ چلڈرن ریسرچ اسپتال میں انفلوئزا کے ماہر رچرڈ ویبی نے کہا ہے کہ اُن کا ہمیشہ سے یہ خیال تھا کہ ایک پرندے سے گائے میں وبا کی منتقلی شاذونادر ہی ممکن ہے۔ لیکن ان کے بقول اب ایسا ہوتا نظر آر ہا ہے۔