حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی معاہدہ۔۔۔۔ اسرائیل کی طرف سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پر حماس برہم۔۔۔ مزید اسرائیلی مغویوں کی رہائی غیر معینہ مدت کے لئے روک دی۔۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا اعلان کیا۔ ابوعبدہ نے کہا کہ اسرائیل بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ واپسی میں تاخیر کر رہا ہے اور ان پر بمباری کر رہا ہے۔۔۔۔
ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں طے شدہ طریقے کے مطابق امداد بھی نہیں پہنچائی گئی جبکہ مزاحمتی گروہوں نے معاہدے کی مکمل پاسداری کی۔ ان وجوہات کے باعث ہفتے کے روز یعنی 15 فروری 2025 کو اسرائیلی یرغمالیوں کی ہونے والی رہائی کو اگلے احکامات تک روک دیا گیا ہے۔
یہ رہائی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک اسرائیل معاہدے میں طے شدہ نکات پر عمل نہیں کرتا اور اس حوالے سے ہونے والے نقصان کی تلافی نہیں کرتا۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ جب تک اسرائیل جنگ بندی معاہدے پر عمل کرتا رہے گا تب تک وہ بھی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔
خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اس سے قبل بھی اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
حماس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں طے شدہ تعداد کے مطابق خیمے اور پہلے سے تیار گھر داخل ہونے نہیں دیے جبکہ اسرائیل سڑکیں کھولنے اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی غزہ میں داخل نہیں ہونے دے رہا۔
حماس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ اسرائیل تعمیراتی سامان بھی غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے۔