حکومت پاکستان نے اسلام آباد سیکٹر ایف 8،ایف 9 انٹرچینج کو طیب ایردوان کے نام سے منسوب کر دیا۔
ترکیے کےصدر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے انٹر چینج کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ انٹر چینج کو جناح ایونیو اور آغا شاہی ایونیو کے درمیان حال ہی میں تعمیر کیا گیا ہے۔
دوسری طرف پاکستان اور ترکیہ نے دفاع، معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر کے ساتھ مختلف شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر عملدرآمد کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو فروغ مل رہا ہے، برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دہشت گردی پاکستان اور ترکیہ کیلئے مشترکہ مسئلہ ہے، ہم اس لعنت کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔