قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے بنی گالہ سے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو جعفر ایکسپریس حملے کے بعد پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نےجعفرایکسپریس واقعہ پرمنفی پراپیگنڈہ اورتضحیک آمیزمواد شیئرکیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا پرکالعدم تنظیموں کی حمایت اورتشہیرمیں ملوث ہے، ملزم کےسوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
واضح رہے گذشتہ ہفتے کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنا کر اس میں موجود خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں مسافروں کو یرغمال بنا کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔
دہشت گردوں کے حملے میں 26 افراد شہید ہوئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
