راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مفاہمت کے لئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو کوششیں دو چند کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ علی امین نے ’اعلیٰ ترین ‘ ملاقاتوں کے بارے میں بانی پر واضح کیا کہ اسٹیبلشمنٹ ان پر اعتماد کرنے کیلئے تیار نہیں ۔
سینئر صحافی صالح ظافر کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اپنے خاص معتمد خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور سے اسٹیبلشمنٹ کےساتھ مفاہمت کے اپنی کوششوں کو دوچند کرنے کی درخواست کردی ۔ یہ درخواست اس وقت کی گئی جب علی امین نے اپنے خصوصی معاون بیرسٹر محمد علی سیف کے ہمراہ جیل میں اس سے ملاقات کی تھی ۔
ڈھائی گھنٹے سےزیادہ دیر تک آزادانہ ماحول میں جاری رہنےو الی اس ملاقات میں خصوصی ذرائع کے مطابق عمران نے اپنی تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بارے میں مایوس کن لہجہ اختیار کئے رکھا۔ وزیراعلی سے عمران نے ون آن ون ملاقات بھی کی۔
باور کیا جاتا ہے کہ علی امین نے اپنی اعلی ترین ملاقاتوں کے بارے میں عمران پر واضح کردیا کہ اسٹیبلشمنٹ اس پراعتماد کرنے کے لئے تیار نہیں ہے جبکہ امریکا سے آیا چار رکنی وفد بھی متعلقہ حکام کو یقین دہانیاں کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ عمران نے علی امین گنڈاپور سے کہا کہ وہ متعلقہ حکام پر واضح کردے کہ میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ پاکستان کےمفاد میں چلوں گا۔
