کوہاٹ : کوہاٹ میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے سابق وفاقی عباس آفریدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے۔
سابق وفاقی وزیر عباس خان آفریدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کھاریاں کے اسپتال میں جان کی بازی ہارگئے، عباس آفریدی گزشتہ روز گیس لیکج دھماکے میں زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ شام اپنے ساتھیوں کے ساتھ اپنے حجرہ میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا، گیس دھما کے میں عباس آفریدی دیگر 3 ساتھیوں دلنواز ، جاوید آفریدی ، اور ندیم سمیت زخمی ہوگئے تھے۔
عباس آفریدی 2009 سے 2015 تک آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2014 میں نواز شریف کے دورِ حکومت میں وہ وزیر برائے صنعت و ٹیکسٹائل رہے تھے۔
سابق سینیٹر عباس آفریدی کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سمیت دیگر سیاسی قائدین نے افسوس کا اظہار کیا۔ مرحوم کے بلند درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عباس آفریدی کے انتقال پر لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔مرحوم کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے بھی سابق سینیٹرعباس آفریدی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔