راولپنڈی : فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کرکے عیدالاضحیٰ جوانوں کیساتھ منائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسروں اورجوانوں کیساتھ نماز عید ادا کی ، اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کےعزم و حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مورچوں پر اپنے اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑاقومی فریضہ ہے۔
آرمی چیف نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فارمیشن کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور شہدا اور غازیوں کی قربانیوں اور جذبےکو خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آپ نے معصوم پاکستانی شہریوں کے نقصان پر بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر بچوں ، خواتین اور بزرگوں کےخون کا بھرپور بدلہ لیا۔
جنرل عاصم نے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو فوری جواب دینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر جارحیت کا موثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں، کشمیریوں کی بھارتی قبضے کیخلاف جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔