اوسلو،: ناروے میں ہونے والے عالمی فٹبال ٹورنامنٹ ناروے کپ 2024 کے دوران خدمات پر ڈاکٹر محمد علی ملک، ڈپٹی سیکرٹری پرائم منسٹر یوتھ پروگرام، نے حافظ محمد اسلم حق، چیئرمین سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے، کو اعزازی شیلڈ سے نوازا۔
اس موقع پر ریحان طاہر، پاکستان میں “اسٹریٹ فٹبال” پروگرام کے نگران اور نوجوانوں کی قیادت کے سرگرم علمبردار، بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی ملک نے کہا کہ حافظ اسلم حق جیسے اوورسیز پاکستانی، قوم کا سرمایہ اور روشن چہرہ ہیں۔ وہ نہ صرف یورپ میں بسنے والی پاکستانی نسل کی رہنمائی کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کے کم وسائل رکھنے والے بچوں کو عالمی سطح پر شناخت دلوانے میں ایک پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کی ناروے کپ میں شرکت صرف کھیل نہیں بلکہ امن، برداشت، اور پاکستان کے مثبت امیج کی نمائندگی ہے۔
اس موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا خصوصی پیغام بھی پیش کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا:
“اوورسیز پاکستانی نہ صرف معیشت کا سہارا ہیں، بلکہ وہ ہمارے قومی بیانیے کے عالمی سفیر بھی ہیں۔ حافظ اسلم حق جیسے افراد کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، اور یہ اعزازی شیلڈ اُن کے کردار کا باقاعدہ اعتراف ہے۔ ہمارا نوجوان دنیا کے کسی بھی میدان میں کسی سے کم نہیں۔ ہمیں انہیں صرف اعتماد، وسائل اور سرپرستی فراہم کرنی ہے۔”
ریحان طاہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کے یہ نوجوان کھلاڑی محض کھیل کے نمائندے نہیں بلکہ سفیرِ امن اور سفیرِ پاکستان کے طور پر دنیا کے سامنے ملک کا روشن چہرہ پیش کر رہے ہیں۔ ناروے میں مقیم مقامی آبادی جس محبت، خلوص اور گرمجوشی سے ان بچوں کا خیرمقدم کرتی ہے ، وہ بین الثقافتی ہم آہنگی، عالمی بھائی چارے، اور انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔
ریحان طاہر نے پراجیکٹ “میدان” کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام نہ صرف ان بچوں کو کھیل کے ذریعے زندگی میں ایک نئی شناخت دیتا ہے بلکہ انہیں باعزت مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔ “میدان” ایک ایسا اسپورٹس فار ڈیویلپمنٹ پروگرام ہے جو پسماندہ علاقوں، بے گھر بچوں اور اسٹریٹ یوتھ کے لیے مواقع، تربیت اور رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کا خواب ہے کہ ہر بچہ، خواہ وہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، میدانِ حیات میں اپنا مقام خود بنائے۔