چندی گڑھ : دنیا کے معمر ترین میراتھن رنر سمجھے جانے والے انڈین نژاد برطانوی فوجا سنگھ 114 سال کی عمر میں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوجا سنگھ ریاست پنجاب میں واقع اپنے آبائی گاؤں میں سڑک پار کر رہے تھے جب ایک نامعلوم گاڑی نے انھیں ٹکر مار دی۔ مقامی لوگ اس حادثے کے بعد انھیں ہسپتال لے کر گئے، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
عالمی شہرت یافتہ فوجا سنگھ نے 89 سال کی عمر میں دوڑ میں حصہ لینا شروع کیا اور سنہ 2000 اور 2013 کے درمیان ریٹائرمنٹ سے قبل نو میراتھن دوڑیں مکمل کیں۔ ان میں سے ایک دوڑ میں شرکت کے وقت ان کی عمر 100 سال سے بھی زیادہ تھی۔
فوجا سنگھ 1992 سے مشرقی لندن کے علاقے الفورڈ میں مقیم تھے اور ان کے کلب اور خیراتی ادارے ‘سکھس ان دی سٹی’ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہونے والی تقریبات ان کی زندگی اور کامیابیوں کے جشن کے طور پر منائی جائیں گی۔
فوجا سنگھ کی ہلاکت کا واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب وہ جالندھر کے قریب اپنے آبائی گاؤں بیاس پنڈ میں چہل قدمی کر رہے تھے۔ مقامی پولیس کے افسر ہروندر سنگھ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ دار کی تلاش جاری ہے اور ملزم کو جلد ہی پکڑ لیا جائے گا۔
معمر میراتھن رنر کی موت کی خبر ملتے ہی انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے انھیں ‘ناقابل یقین عزم والا غیرمعمولی ایتھلیٹ’ قرار دیا۔