پشاور:سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بلامقابلہ فارمولے پر اتفاق ہوگیا جس کا اعلان آج شام تک متوقع ہے، دونوں اطراف کے ارکان کے نام بھی سامنے آگئے۔
اپوزیشن رہنما کے مطابق گیارہ نشستوں پر حکومت کو چھ اور اپوزیشن کو پانچ نشستیں ملیں گی، جنرل سات نشستوں پر حکومت کے حصے میں چار اور اپوزیشن کے حصے میں سات نشستیں آئیں گی، ایک ایک ٹیکنوکریٹ نشست حکومت اور اپوزیشن، ایک ایک خاتون نشست حکومت اور اپوزیشن کو ملے گی۔
خیبرپختون خوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارے فارمولے سے اتفاق کرلیا ہے، کچھ ایشوز تھے وہ بھی دور ہوگئے ہیں، آج شام تک معاہدہ سامنے آجائے گا، ہم چاہتے ہیں صوبے سے مثبت پیغام جائے۔
دریں اثنا اپوزیشن اور حکومت کے درمیان فارمولے طے پانے کے بعد امیدواروں کے نام سامنے آگئے، جنرل نشستوں پر حکومت کے امیدوار مراد سعید، فیصل جاوید، مزرا آفریدی اور پیرنورالحق قادری کامیاب ہو جائیں گے۔
اسی طرح اپوزیشن کے امیدواروں میں مولانا عطا الحق درویش، طلحہ محمود اور نیاز محمد شامل ہیں جو کہ کامیاب ہوجائیں گے جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر حکومت کے اعظم سواتی اور اپوزیشن کے دلاور خان کامیاب ہو جائیں گے۔
اسی طرح خواتین کی نشست پر حکومت کی امیدوار روبینہ ناز اور اپوزیشن کی امیدوار روبینہ خالد کامیابی حاصل کرلیں گی۔