اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اعلان کیا ہے کہ حکومت تمام شوگر ملز کے اسٹاکس کی کڑی نگرانی کرے گی۔
وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے آج پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) اور چاروں صوبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شوگر سپلائی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ کئی شوگر ملز طے شدہ معاہدے کے تحت چینی کی فراہمی اور اسٹاک کے اجرا پر عمل نہیں کر رہیں، متعدد یقین دہانیوں کے باوجود چینی کی بروقت ترسیل اور دستیابی میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ اب حکومت تمام شوگر ملز کے اسٹاکس کی کڑی نگرانی کرے گی، اس مقصد کے لیے ہر شوگر مل پر سرکاری افسران تعینات کیے جائیں گے تاکہ چینی کے اسٹاک کی صورتحال کو مانیٹر کیا جا سکے اور چینی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بھی شوگر مل مالکان کو درپیش مسائل اور خدشات کا اظہار کیا۔