اسلام آباد : اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2024 منظور کر لیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2024 پیش کیا جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرتے ہوئے اپوزیشن کی پیش کردہ ترامیم مسترد کر دیں۔
انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2024 کے تحت مشکوک شخص کو 3 کے بجائے 6 ماہ تک حراست میں رکھا جا سکے گا، قانون کا اطلاق تین سال کیلیے ہوگا اور یہ صرف دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں نافذ العمل ہوگا۔
طلال چوہدری نے انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل 2024 پیش کیا اور کہا کہ ملک میں 13-2012 والی صورتحال ہے روزانہ کی بنیاد پر 2 سے 3 اہلکار اور سویلین شہید ہو رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ قانونی ہتھیار کے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں لڑی جا سکتی، دہشتگردی کے خلاف جنگ سے متعلق قوانین کو سخت کرنا ہوگا۔