نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں آج ہونے والے کلاؤڈ برسٹ اور بارشوں کے بعد دریاؤں کی تازہ صورتحال جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ منڈا ہیڈورکس کے مقام پر پانی کا اخراج ایک لاکھ ایک ہزار 205 کیوسک پر پہنچ گیا ہے۔
اتھارٹی نے دریاؤں کے بند پر رہنے والوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو دریا کے بند کے قریب رہائشی عمارات خالی کرانے اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ صبح سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ اور مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ اب تک صوبے میں اموات کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔