خیبر پختونخوا میں گذشتہ روز امدادی کارروائیوں کے دوران صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعے پر صوبے بھر میں آج یومِ سوگ منایا جا رہا ہے اور تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان قربان کی، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حالیہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث بھیانک سیلابی ریلے آئے ہیں جس سے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت نے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت نقصانات کا ازالہ کرے گی اور جلد صورتحال پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غم میں پوری قوم شریک ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان لے جا رہا تھا کہ خراب موسم کے باعث کریش کر گیا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان فراز مغل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والے تمام اہلکار امدادی مشن پر تھے۔