کراچی: فیروز آباد پولیس نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے بھائی اور چنیسر ٹاؤن کے ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی سمیت متعدد افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ (7 ATA) اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ نمبر 843/2025 متاثرہ شخص حافظ سہیل احمد جدون کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس نے الزام لگایا ہے کہ وہ سرکاری کام کے تحت زیر زمین آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کی نگرانی کر رہا تھا کہ اچانک 20 سے 25 افراد گاڑیوں میں سوار ہو کر موقع پر پہنچے۔
حافظ سہیل کے مطابق فرحان غنی، قمر احمد خان، شکیل چانڈیو، سکندر اور روحان سمیت دیگر افراد نے اسے گھیر لیا ان میں سے ایک نے مجھے بلا کر پوچھا کہ صاحب پوچھ رہے ہیں کس کی اجازت سے زمین کھود رہے ہو جس پر میں نے انھیں اپنا تعارف کرایا کر بتایا کہ یہ سرکاری کام تمام اداروں سے این او سی لیکر ہو رہا ہے، جس پر ان میں سے کچھ لوگوں مجھ سے بدتمیزی اور مار پیٹ شروع کر دی۔
پولیس نے فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میرے بھائی فرحان غنی اور کچھ ساتھیوں کا گزشتہ روز کسی سہیل نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا، اور آج اس نے FIR درج کروائی ہے جو اس کا قانونی حق ہے۔