شانگلہ: پاک فوج کی جانب سے ضلع شانگلہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کے لیے امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہونے والے دور دراز علاقے رجشم میں پاک فوج کے جوانوں نے متاثرہ خاندانوں تک رسائی حاصل کی اور ان کی فوری مدد فراہم کی۔
پاک فوج نے عائشہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے علاقے میں میڈیکل کیمپ اور فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے، جہاں سیلاب زدگان کو نہ صرف راشن اور ضروری اشیاء فراہم کی گئیں بلکہ پاک فوج کے ماہر ڈاکٹرز نے متاثرہ افراد کا طبی معائنہ بھی کیا۔
علاقے کے تباہ شدہ پلوں اور راستوں کے نقصانات کا بھی فوجی انجینئرز نے جائزہ لیا تاکہ بحالی کے کام کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ پاک فوج کی ٹیم نے باغ نسیم آباد کے اس اسکول میں بھی امدادی کارروائیاں کیں جو سیلاب کے باعث شدید متاثر ہوا ہے۔
پاک فوج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور کسی بھی متاثرہ فرد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔