اقوام متحدہ کی طرف سے غزہ کو مکمل طور پر قحط زدہ قرار دینے کے بعد مسلمان ممالک کی اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ ہنگامی کا اجلاس کل سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہو رہا ہے۔۔۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔۔
نائب وزیر اعظم ڈھاکہ سے براہِ راست جدہ روانہ ہوں گے۔۔ او آئی سی اجلاس میں فلسطین کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی پر غور ہوگا۔۔ اسرائیلی جارحیت اور غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے پر بھی اجلاس میں بات چیت ہو گی۔۔
اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر غور کریں گے۔۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہا ہے۔۔ اسحاق ڈار اجلاس میں فلسطین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔۔ پاکستان اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں بشمول یروشلم سے انخلا کا مطالبہ کرے گا۔۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان پہلے ہی غزہ پر اسرائیلی فوجی کنٹرول کے منصوبے کو مسترد کر چکا ہے۔۔ پاکستان فلسطینی عوام کے لئے فوری انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔۔ اسحاق ڈار اجلاس میں فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبے کو دہرائیں گے
او آئی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر اسحاق ڈار مختلف اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔۔