راولپنڈی: مسلح افواج نے 60 ویں یوم دفاع پر اپنے پیغام میں شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء اور ان کے خاندانوں کو بھرپور خراج عقیدت پش کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، نیول، ایئر چیفس نے بھی عقیدت کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر 1965ء پاکستانی قوم کے اٹل عزم اور ناقابلِ تسخیر جذبے کی علامت ہے، اس تاریخی دن ہمارے بہادر سپاہیوں نے قوم کی حمایت سے ڈٹ کر مقابلہ کیا، ایک ایسے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جو اسلحے اور تعداد میں کہیں زیادہ طاقتور تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ شجاعت اور قربانی کے یہ کارنامے لازوال نقش چھوڑ گئے، متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی، ہمارے بے خوف ہیروز کی جرات آنے والی نسلوں کے لئے ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے شہدا اور ہیروز کا عظیم ورثہ ہمیشہ زندہ رہے گا، آج پوری قوم اپنے شہدا، غازیوں اور اُن کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا اور ان کے خاندانوں نے اس عظیم ملک کے دفاع کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
مسلح افواج بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹی ہے، قدرتی آفات اور مصیبتوں کے وقت بھی پاکستانی عوام کا ساتھ دیا، افواج ملک بھر میں جاری سیلاب سے متاثرہ عوام کی بھرپور مدد جاری رکھیں گی، یوم دفاع و شہداء انتہائی عاجزی و انکساری کے ساتھ منایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ اس مقدس ذمہ داری کو نبھانے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں جو قوم نے ہمیں سونپی ہے، مسلح افواج ہر دم چوکس اور ہر قسم کے خطرے کے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
اپنے پیغام میں کہا کہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور قوت عطا فرمائے۔