قطر نے اسرائیلی حملے کا ہر صورت میں جواب دینے کا اعلان کردیا۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ نے عرب ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائلی حملے پریہ کہنا کہ ہم ناراض ہیں معمولی بات ہے، اسرائیلی حملے کا جواب دیئے بغیر نہیں رکیں گے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، واضح کرنا چاہتے ہیں کہ قطر کی خودمختاری پر حملے کا جواب دیں گے، اسرائیل کے احتساب کے فقدان کو ختم کریں گے۔
قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے یرغمالی رہا نہیں ہو رہے، اسرائیل نے مغویوں کی رہائی سے دستبرداری اختیار کر لی ہے، نیتن یاہو فلسطینیوں کے ساتھ امن کے قیام کو روکنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
امیر قطر نے کہا کہ اسرائیل کے وزیراعظم کا خواب ہے کہ عرب خطہ اسرائیل کے زیر اثر آئے، بین الاقوامی تعلقات میں زیادتی کرنے والا برداشت کو کمزوری اور ناکامی سمجھتا ہے، دوحا میں اسرائیلی حملے میں ایک قطری سمیت 6 افراد شہید ہوئے، قطر پر حملہ بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی اور ایک سنگین جرم ہے۔