انگلینڈ کے تجربہ کار باؤلنگ آل راؤنڈر کرس ووکس نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
36 سالہ ووکس نے آخری بار بھارت کے خلاف اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی جبکہ وہ آسٹریلیا میں ہونے والی ایشز سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔
کرس ووکس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ لمحہ آ چکا ہے اور میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا وقت ہے، انگلینڈ کی نمائندگی میرا بچپن کا خواب تھا اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ یہ خواب پورا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ 2011 میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو کل کی بات لگتی ہے لیکن وقت بہت تیزی سے گزرا، دو ورلڈ کپ جیتنا اور شاندار ایشز سیریز کا حصہ بننا وہ یادیں ہیں جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔
ووکس نے اپنے والدین، اہلیہ ایمی اور بیٹیوں لیلا اور ایوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محبت اور قربانیوں کے بغیر یہ سب ممکن نہ تھا۔
کرس ووکس نے کہا کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور دنیا بھر کی فرنچائز لیگوں میں مواقع تلاش کریں گے۔
کرس ووکس نے 62 ٹیسٹ ، 122 ایک روزہ اور 33 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، ووکس 2019 ورلڈ کپ، 2022 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔