آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے د رمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی انجریز کی زد میں آگئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق بے اوول کے مقام پر پریکٹس سیشن کے دوران راچن رویندرا کے چہرے پر چوٹ لگی، راچن باؤنڈری لائن پر کیچ پریکٹس کے دوران باؤنڈری ہورڈنگ سے ٹکرا گئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کا بتانا ہے کہ راچن نے ابتدائی کنکشن ٹیسٹ پاس کرلیا ہے تاہم وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رہیں گے۔
راچن رویندرا آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے۔
گلین میکسویل کو بولنگ کے دوران میچل اوون کی شاٹ کلائی پر لگی۔
اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کا بتانا ہے کہ آل راؤنڈر گلین میکسویل کو فریکچر کا سامنا ہے اب ان کی جگہ جوش فلپ کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا۔