ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حراست میں موجود سابق سینیٹرمشتاق احمد کی محفوظ واپسی کیلئے مسلسل اور بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔
بیان کے مطابق وزارت خارجہ عمان میں پاکستان کا سفارتخانہ مسلسل اور بھرپورکوششیں کی رہی ہے، امید ہےاردن کی برادرحکومت کے تعاون سے یہ عمل آئندہ چند روزمیں کامیابی سے مکمل ہوجائے گا، اردن کی حکومت کے مثالی تعاون اور بھرپور مدد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
قبل ازیں غزہ کے مظلوموں کیلئے انسانی امداد لے جانے والے بین الاقوامی قافلے میں شامل رضاکاروں کی صیہونی فورسز کی جانب سے گرفتاریوں کے بعد دفترخارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار پاکستانی شہریوں سے متعلق تفصیلات بتا دیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار اپنے تمام شہریوں کی جلد اور بحفاظت واپسی کیلئے کوشاں ہے۔ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات پر جواب میں سابق سینیٹر مشتاق احمد کے اسرائیلی قابض افواج کی حراست میں ہونے کی تصدیق کی، البتہ یہ بھی بتایا کہ وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ نے پہلے مرحلے میں امدادی بحری جہاز سے اترنے والے پاکستانیوں کی محفوظ واپسی ممکن بنائی ۔ پاکستان نے اس کیلئے تعاون فراہم کرنے والے تمام برادر ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔ توقع ہے کہ باقی پاکستانیوں کی واپسی کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔