افغانستان کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی بھر پور اور شدید جوابی کارروائی کےبعد قطر نے رد عمل جاری کر دیاہے جس میں دونوں ممالک پر مذاکرات اور تحمل کو ترجیح دینے پر زور دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تناؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کے خطے کی سلامتی و استحکام پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل سے کام لیں اور اختلافات کو ایسے طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں جو تناؤ میں کمی اور کشیدگی سے بچاؤ میں مددگار ہو، تاکہ علاقائی سلامتی اور استحکام کو قائم رکھا جا سکے۔
قطری وزارتِ خارجہ نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ قطر بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور برادر پاکستانی اور افغان عوام کے لیے سلامتی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔

