غزہ — حماس اور اسرائیل کے درمیان تاریخی قیدیوں کے تبادلے کا عمل شروع ہوگیا، جس کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے سپرد کر دیا گیا، جبکہ 1,966 فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کر دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، غزہ سے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کرنے کے بعد وہ اب اسرائیل کے مختلف مراکز کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے 20 زندہ یرغمالیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، جنوبی غزہ میں فلسطینی شہری بڑی تعداد میں اپنے رہا ہونے والے قیدیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے جمع ہیں۔ النصر اسپتال میں تقریباً 1,716 فلسطینی قیدیوں کی آمد متوقع ہے جہاں ان کے لیے استقبالیہ کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، قیدیوں کے تبادلے کا عمل ہفتہ بھر جاری سفارتی رابطوں اور مصر و قطر کی ثالثی کوششوں کے نتیجے میں مکمل ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ تبادلہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے اہم نکات میں سے ایک تھا، جس کے تحت دونوں فریقوں نے فوری انسانی اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔

