مریدکے میں مذہبی جماعت کا دھرنا ختم کرادیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کو منتشر کرنے کی کارروائی شروع ہوئی تو مذہبی جماعت کے کارکنوں نے پتھراؤ اور پیٹرول بموں کا استعمال کیا اور اندھا دھند فائرنگ کردی۔
ترجمان نے بتایاکہ ایک ایس ایچ او شہید اور 48 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے دفاع میں محدود کارروائی کرنا پڑی، مذہبی جماعت کے 3 کارکن اور ایک راہگیر جاں بحق ہوئے جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایاکہ ہنگامہ آرائی کے دوران 40 سرکاری اور پرائیویٹ گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، متعدد افراد گرفتار کرلیے گئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے ٹریفک کی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔
ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو تک روڈ، چونگی امرسدھو سے قصور روڈ تک، مانگا منڈی سے لاہور دونوں اطراف، پی ایم جی چوک دونوں اطراف اور داروغوالہ سے سلامت پورہ تک سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
موٹر وے ایم 2 لاہورسے اسلام آباد،ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم تک اور ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
پنجاب یونیورسٹی نے آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے اور کل 14 اکتوبر سے ایل ایل بی امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
