امریکی صدر نے احتجاجی مظاہروں کی فنڈنگ کا الزام جارج سوروس اور بائیں بازو کے جنونیوں پر عائد کردیا

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ بھر میں اپنے خلاف جاری "نو کنگز” (No Kings) کے عنوان سے ہونے والے بڑے پیمانے کے احتجاجی مظاہروں کی فنڈنگ کا الزام امریکی ارب پتی جارج سوروس اور دیگر بائیں بازو کے بنیاد پرست گروہوں پر عائد کیا ہے۔

نیوز ویک کے مطابق، صدر ٹرمپ نے کہا کہ جارج سوروس اپنے اداروں کے ذریعے امریکہ سمیت پوری دنیا میں ترقی پسند ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے بھاری فنڈنگ کرتے رہے ہیں اور اب وہ "ایک قابلِ نفرت شخصیت” بن چکے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم ان احتجاجوں کی مالی معاونت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔” ان کے مطابق یہ مظاہرے حقیقی عوامی آواز نہیں بلکہ "فنڈ شدہ اور منظم مہمات” ہیں، جنہیں انہوں نے "چھوٹے، غیر مؤثر اور مصنوعی مظاہرے” قرار دیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ "بادشاہ نہیں” بلکہ اپنے ملک کو عظیم بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان احتجاجات کو ملک کے مفاد کے خلاف ایک مہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ “یہ لوگ اس قوم کی نمائندگی نہیں کرتے۔”

رپورٹس کے مطابق، ہفتے کے روز امریکہ کے 2,700 شہروں میں تقریباً 70 لاکھ افراد نے ان مظاہروں میں شرکت کی۔ اسی عنوان سے جرمنی، پرتگال، سویڈن، برطانیہ اور پراگ سمیت متعدد یورپی ممالک میں بھی بین الاقوامی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا احتجاج جمہوری اصولوں کے دفاع اور آمریت کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کی ترجمان، ابی گیل جیکسن نے مظاہرین کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا "لوگ جتنا مرضی چیخیں چلائیں، کسی کو پرواہ نہیں۔”

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.