پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، یہ سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ شاہین شاہ کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق، بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت کو نئی کرکٹ حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان قیادت ٹیم میں جذبہ، تسلسل اور نیا عزم پیدا کرے گی۔
قومی ٹیم کے قریبی ذرائع کے مطابق، شاہین آفریدی نے کپتانی ملنے پر بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میں پوری کوشش کروں گا کہ اپنی ٹیم کے ساتھ بہترین کرکٹ پیش کریں اور پاکستانی فینز کو فخر کا موقع دیں۔”
یہ پہلا موقع ہے کہ شاہین شاہ آفریدی بطور ون ڈے کپتان میدان میں اتریں گے۔ وہ اس سے قبل ٹی20 ٹیم کی بھی قیادت کر چکے ہیں۔