پہلی اسلام آباد رینکنگ پیڈل چیمپئن شپ 25 اکتوبر سے شروع ہوگی
اسلام آباد: اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پہلی اسلام آباد رینکنگ پیڈل چیمپئن شپ 25 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جس میں ملک بھر کے نامور کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔
اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے صدر صہیب حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کے دوران تین ایونٹس منعقد ہوں گے، جن میں مردوں، خواتین اور مکسڈ کیٹیگریز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اسلام آباد رینکنگ مینز پیڈل چیمپئن شپ 25 اکتوبر سے شروع ہوگی، جبکہ خواتین اور مکسڈ کیٹیگری کے مقابلے یکم نومبر سے شروع ہوں گے۔”
صہیب حسن کے مطابق، اس ایونٹ کو پاکستان پیڈل ایسوسی ایشن کے صدر محمد متین کی منظوری حاصل ہے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی جائیں گی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ اسلام آباد میں پیڈل کے فروغ کے لیے اس سطح کی رینکنگ چیمپئن شپ منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔