سعودی عرب میں ضوابط کی خلاف ورزی: 10 ریکروٹنگ ایجنسیاں سیل، 27 کے لائسنس منسوخ
ریاض — سعودی عرب کی وزارتِ افرادی قوت و سماجی ترقی نے ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 10 ریکروٹنگ ایجنسیاں سیل کر دیں جبکہ 27 ایجنسیوں کے لائسنس منسوخ کر دیے۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، تفتیشی ٹیموں نے 37 ریکروٹنگ ایجنسیوں کا معائنہ کیا، جن میں سے کئی ادارے طے شدہ قوانین اور صارفین کے حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے۔
وزارت کے مطابق جن اداروں کو سیل کیا گیا یا جن کے لائسنس منسوخ کیے گئے، انہیں پہلے ضوابط کی خلاف ورزیوں کو درست کرنے کے لیے مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت میں اصلاح نہ کرنے پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
خلاف ورزیوں میں صارفین کی شکایات پر عدم توجہی، بھرتی کے اصولوں کی خلاف ورزی، اور صارفین کو رقوم کی واپسی میں تاخیر شامل تھی۔
وزارتِ افرادی قوت نے واضح کیا کہ بھرتی کے شعبے کی نگرانی مستقل بنیادوں پر جاری ہے، اور تفتیشی ٹیمیں معمولی سے معمولی خلاف ورزی کو بھی نظرانداز نہیں کرتیں۔