پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا فیصلہ: جونیئر ٹیم بھارت نہیں جائے گی
اسلام آباد — پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو اگلے ماہ بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نہیں بھیجا جائے گا۔ یہ ایونٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارت میں منعقد ہونا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی، بھارت کے منفی رویے اور حالیہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم کے برتاؤ پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، پی ایچ ایف جلد ہی اپنے اس فیصلے سے ہاکی انڈیا کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے گی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کھلاڑیوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اسی دوران قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پی ایچ ایف کے انتخابات کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا، جس کی صدارت رکنِ قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچوں کے لیے غیر جانبدار مقامات (Neutral Venues) کی سہولت فراہم کر رکھی ہے، تاہم انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے ابھی تک ایسا کوئی ہائبرڈ ماڈل متعارف نہیں کرایا۔
پاکستان نے اس سے قبل بھی بھارت میں ہونے والا ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا، حالانکہ وہ ایونٹ 2026 کے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر کے طور پر اہمیت رکھتا تھا۔