تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں امن معاہدہ، پاک افغان تنازع جلد حل کروا دیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں امن معاہدہ، پاک افغان تنازع جلد حل کروا دیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

کوالالمپور — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازع جلد حل کروانے کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل زبردست شخصیات ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔

ٹرمپ نے یہ بیان تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں دیا، جو ملائیشیا میں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی۔

صدر ٹرمپ نے کہا، “آپ جانتے ہیں، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی جنگ ان آٹھ تنازعات میں سے ایک ہے جنہیں میری انتظامیہ نے گزشتہ آٹھ ماہ میں ختم کروایا ہے۔ یعنی ہر ماہ ایک جنگ بند کروانے کا اوسط ہے، اب صرف ایک ہی باقی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا، “میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ ہم اسے بھی بہت جلد ختم کر دیں گے۔ میں دونوں ممالک کی قیادت کو جانتا ہوں — وہ بہت قابل اور امن پسند لوگ ہیں۔”

ٹرمپ نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں اور تجارت کے ذریعے تنازعات کے خاتمے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، ملائیشیا تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کی نگرانی کرے گا، جس سے لاکھوں جانیں بچ جائیں گی۔

انہوں نے تھائی لینڈ کی ملکہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ “آج کا دن خطے میں امن کی نئی صبح کا آغاز ہے۔”

امریکی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ “پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عظیم شخصیات ہیں۔” ان کے مطابق، “پاک افغان جنگ بند ہو چکی ہے اور سعودی عرب نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔”

اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ “ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات کے مشکور ہیں۔ غزہ امن معاہدے سمیت ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔”

ملائیشیا روانگی سے قبل، ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ “ٹروتھ سوشل” پر پیغام میں کہا تھا کہ وہ “ایک زبردست امن معاہدے پر دستخط کے لیے جا رہے ہیں، جس پر انہیں فخر ہے کہ وہ ان کی انتظامیہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔”

صدر ٹرمپ آسیان اجلاس کے دوران جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے