نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور خصوصاً غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک سعودی کثیر الجہتی شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی کثیر الجہتی شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اخوت اور دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی قیادت اور شہزادہ فیصل بن فرحان کو “فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو فورم” کے کامیاب انعقاد اور پرتپاک میزبانی پر مبارکباد دی۔

