دبئی — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں بھارت کی اسٹار بلے باز سمریتی مندھانا بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر نے شاندار کارکردگی کے بعد چھ درجے ترقی پاتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جب کہ جنوبی افریقہ کی لاورا وولوارٹ دو درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
انگلینڈ کی ایمی جونز چار درجے بہتری کے بعد نویں نمبر پر آگئی ہیں، جبکہ پاکستان کی سدرہ امین ایک درجہ تنزلی کے ساتھ بارہویں پوزیشن پر چلی گئیں۔ آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ نے 16 درجے ترقی کرتے ہوئے سولہویں پوزیشن اپنے نام کر لی۔
بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹین بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ آسٹریلیا کی الانا کنگ پانچ درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آگئیں۔ پاکستان کی نشرہ سندھو نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ ٹاپ 10 میں جگہ بنائی اور اب دسویں نمبر پر ہیں۔
اسی طرح بھارت کی رینوکا سنگھ نے بھی عمدہ کارکردگی کے باعث سات درجے بہتری کے بعد 19ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر بدستور سرفہرست ہیں، جنوبی افریقہ کی ماریزین کیپ ایک درجہ بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں جبکہ آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ چوتھی پوزیشن پر آگئی ہیں۔

