لاہور — ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (DICC) نے اعلان کیا ہے کہ ڈیف کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرے گا۔ یہ ایونٹ 24 سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا اور دنیا بھر کے باصلاحیت بہرے کرکٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔
یہ تاریخی عالمی مقابلہ کھیل کے جذبے، شمولیت اور اعلیٰ کارکردگی کے عزم کی علامت ہوگا، جس کا مقصد سماعت سے محروم کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ “کرکٹ واقعی سب کے لیے ہے۔”
ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی (ICC) کے چیئرمین اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی نے عالمی سطح پر ڈیف کرکٹ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
محمد ظاہرالدین بابر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی آئی سی سی (DICC) نے اپنے بیان میں کہا کہ “ڈیف کرکٹ ورلڈ کپ 2026 صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ قابلیت، اتحاد اور کھیل کی عالمی زبان کا جشن ہے۔ یو اے ای جیسے ملک میں یہ ایونٹ، جہاں عالمی معیار کا کرکٹ انفراسٹرکچر موجود ہے، ڈیف کرکٹ کی تاریخ کا نیا سنہری باب ثابت ہوگا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ کپ میں چھ ٹیمیں تین گروپس میں تقسیم ہوں گی، اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ٹیموں کا حتمی اعلان اگلے ماہ کے آخر تک متوقع ہے۔
ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے رکن ممالک، اسپانسرز، میڈیا پارٹنرز اور شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تاریخی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ڈیف کرکٹ کے فروغ میں ایک نیا باب رقم ہو۔
