گیونگجو — جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ سیول کو جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے لیے ایندھن فراہم کرنے کی اجازت دے گا۔
صدر لی نے کہا کہ سیول کا مقصد جوہری ہتھیاروں سے لیس آبدوزیں بنانا نہیں بلکہ خطے میں دفاعی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق، "ڈیزل آبدوزوں کی زیرِ آب کارکردگی محدود ہے، جس کے باعث شمالی کوریا اور چین کی آبدوزوں کو ٹریک کرنے میں دشواری پیش آتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اگر امریکہ ہمیں ایندھن فراہم کرنے کی اجازت دیتا ہے، تو ہم روایتی ہتھیاروں سے لیس آبدوزیں تیار کر کے امریکی فوج کا بوجھ نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔”
صدر لی نے ٹرمپ سے خرچ شدہ جوہری ایندھن کی ری پراسیسنگ اور یورینیم افزودگی کی اجازت پر پیش رفت کے لیے بھی حمایت طلب کی۔
یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) فورم کے دوران ہوئی، جہاں صدر ٹرمپ خطے کے متعدد رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ صدر لی کے پیشرو بھی جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے منصوبے پر کام کرنا چاہتے تھے، تاہم امریکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے اس خیال کی مخالفت کرتا آیا ہے۔
