ممبئی — آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں بھارتی ویمنز ٹیم نے 338 رنز کا بڑا ہدف 48.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
جمائمہ روڈریگز نے 127 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر بھارت کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 89 رنز کی شاندار باری کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ریچا گھوش نے 26، سمرتی مندھانا اور دپتی شرما نے 24، 24 رنز جوڑے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آخری اوور میں 338 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے فوبی لیچ فیلڈ نے 119 رنز، ایلیس پیری نے 77 اور ایشلی گارڈنر نے 63 رنز کی اننگز کھیلیں۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل 2 نومبر کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے گزشتہ روز انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

