آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ: پاکستان کے شاہد آفتاب نے بھارتی حریف کو شکست دے دی
دوحہ: پاکستانی سنوکر اسٹار شاہد آفتاب نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے بھارت کے پارس گپتا کو شکست دے کر آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے (Stage Two) میں جگہ بنا لی ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے تیسرے روز پاکستانی کھلاڑیوں نے متاثرکن کارکردگی دکھائی۔
شاہد آفتاب نے بھارتی کھلاڑی پارس گپتا کو چار، دو فریم سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کیا۔
ان کی جیت کا فریم اسکور یوں رہا 25-73، 94-27، 36-77، 76-58، 6-122، 49-60۔
میچ کے دوران شاہد آفتاب نے 72 اور 62 کے شاندار بریک کھیلے، جنہوں نے ناظرین سے خوب داد سمیٹی۔
پاکستان کے ایک اور تجربہ کار کیوئسٹ محمد سجاد اگرچہ ہانگ کانگ کے فونگ کو وک وائی سے شکست کھا گئے، تاہم وہ اپنے گروپ میں بہتر پوائنٹس کی بدولت ایونٹ ون کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے میں کامیاب رہے۔
ہانگ کانگ کے وائی کی جیت کا فریم اسکور یوں تھا 68-33، 20-81، 6-82، 76-32، 15-68، 57-75۔
ٹورنامنٹ میں شاہد آفتاب کی مسلسل فتوحات نے پاکستان کے لیے میڈل کی امیدیں روشن کر دی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر شاہد نے یہی فارم برقرار رکھی تو وہ سیمی فائنل تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔