جاپان میں بھورے جنگلی ریچھوں کے حملے بڑھ گئے، فوج طلب کرلی گئی

0

ٹوکیو: جاپان میں بھورے جنگلی ریچھوں کے حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد حکومت نے متاثرہ شمالی علاقوں میں فوج کو طلب کرلیا ہے تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، شمالی جاپان میں رواں سال اپریل سے اب تک ریچھوں کے 100 سے زائد حملے رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں درجنوں شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
یہ حملے زیادہ تر اسکولوں، ریلوے اسٹیشنوں اور راشن کی دکانوں کے قریب پیش آئے، جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

اکیتا ریجن کے گورنر کے مطابق، ریچھوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے باعث علاقائی قانون نافذ کرنے والے ادارے وسائل کی کمی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں جنگلی جانوروں سے نمٹنے کے لیے مزید عملی مدد اور جدید آلات کی ضرورت ہے، کیونکہ ریچھوں کی آبادی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔”

جاپانی حکومت نے ریچھوں کے تدارک کے لیے فوجی دستے متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیے ہیں۔
فوجی اہلکاروں کو جال پھینکنے والی بندوقوں، بے ہوش کرنے والے اسپرے اور خصوصی آلات فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ریچھوں کو محفوظ طریقے سے قابو کیا جا سکے۔

مزید برآں، مقامی انتظامیہ نے ریچھ کی آبادی پر قابو پانے کے لیے شکار کی تربیت کا بھی اعلان کیا ہے، تاکہ مقامی رضاکار حکومتی اہلکاروں کی مدد کر سکیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.