بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹی 20 میں 48 رنز سے شکست دے دی، سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل
کارارا میں کھیلے گئے چوتھے ٹی 20 میچ میں بھارت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 18.2 اوورز میں صرف 119 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اکشر پٹیل کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مچل مارش 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، میتھیو شارٹ نے 25 رنز بنائے جبکہ وہ اکشر پٹیل کا شکار بنے۔ جوش انگلس 12، ٹم ڈیوڈ 15، جوش فلپ 10 اور گلین میکسویل صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مارکس اسٹوئنس نے 17 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل اور شیوم دوبے نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پہلی اننگز میں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ شبھمن گل 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ابھیشیک شرما 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سوریا کمار یادو نے صرف 10 گیندوں پر 20 رنز بنائے جبکہ اکشر پٹیل 11 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔