اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا کی تاریخی کامیابی
لاہور — پاکستان کی باصلاحیت باکسر فاطمہ زہرا نے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملک کے لیے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے 60 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں سیمی فائنل میں جگہ بنا کر ایونٹ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل یقینی بنا لیا ہے۔
کوارٹر فائنل میں فاطمہ زہرا نے الجزائر کی حریف باکسر کے خلاف پانچ-صفر کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی بہترین تکنیک، دفاعی مہارت اور جارحانہ حکمتِ عملی نے حریف کو بے بس کر دیا۔
فاطمہ زہرا کی کامیابی سے پاکستان کے کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود اور سیکرٹری ناصر اعجاز ٹنگ نے فاطمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ:"فاطمہ زہرا نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ سیمی فائنل میں بھی فتح حاصل کر کے فائنل تک پہنچیں گی۔”
اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستان کا 72 رکنی دستہ شرکت کر رہا ہے جو 9 مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہا ہے۔
باکسنگ قوانین کے مطابق، سیمی فائنل میں پہنچنے والے تمام باکسرز برانز میڈل کے حقدار قرار پاتے ہیں، جس کے نتیجے میں فاطمہ نے پاکستان کے لیے کم از کم ایک میڈل یقینی بنا لیا ہے۔