باجوڑ کے گاؤں گدار میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بڑا اور ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 22 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے.
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی انتہائی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات پر کی گئی، جن میں گاؤں میں بڑی تعداد میں خوارجین کی نقل و حرکت کی نشاندہی کی گئی تھی۔ فورسز نے رات کے وقت نہایت مؤثر انداز میں آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔
قبائلی عمائدین کے تعاون سے گاؤں پہلے ہی مقامی آبادی سے خالی کرایا جا چکا تھا، جبکہ خوارجین خالی گھروں میں چھپے ہوئے تھے۔ آپریشن کے دوران ہدف کے اردگرد تمام مکانات خالی ہونے کے باعث کوئی سویلین جانی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قوم اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے یکجا ہیں، اور آخری دہشت گرد کے انجام تک ایسے آپریشنز جاری رہیں گے۔