پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

0

راولپنڈی — دوسرے ایک روزہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے 289 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر عبور کیا۔

پاکستان کی فتح میں کپتان بابر اعظم کا کلیدی کردار رہا، جنہوں نے کیریئر کی 28ویں سنچری اسکور کی اور 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ سنچری بابر نے 83 اننگز اور 807 روز کے وقفے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں اسکور کی۔

اوپنر فخر زمان نے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے صرف دشمانتا چمیرا نے دونوں پاکستانی وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔
جنتھ لیاناگے 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کمنڈو مینڈس 44، سدیرا سماراوکرما 42 اور کامل مشارا 27 رنز تک محدود رہے۔

دیگر بیٹرز میں پتھم نسانکا نے 24، کوشل مینڈس 20، کپتان چرتھ اسالانکا 6 اور دشمانتا چمیرا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ونندو ہسارنگا اور پرامود مدوشن بالترتیب 37 اور 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ٹیم پہلے ہی دو میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے، جبکہ تیسرا ون ڈے اب محض رسمی کارکردگی بن گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.