پاکستان کا سری لنکا کو 6 وکٹوں سے مات دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ

0
راولپنڈی — پاکستان نے بھرپور اعتماد اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے مات دے کر تین میچوں کی سیریز میں شاندار کلین سویپ مکمل کر لیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ فیصلہ کن میچ ابتدا سے ہی قومی ٹیم کے کنٹرول میں رہا۔

سری لنکا نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ شروع کی لیکن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ پوری ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سدیرا سماراوکراما 48 رنز کے ساتھ مزاحمت کی آخری امید بنے رہے، جبکہ کپتان کوشال مینڈس نے 34، پاون رتھنا یاکے نے 31، کامل مشارا نے 29 اور پاتھم نسانکا نے 24 رنز جوڑے۔ دیگر بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک شکار کیا۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا اور بغیر کسی دباؤ کے فتح حاصل کی۔ جارحانہ بیٹنگ، موزوں پارٹنرشپ اور وکٹ کی صورتحال کو بہترین انداز میں سمجھتے ہوئے قومی ٹیم نے سری لنکا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

میچ سے قبل کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ وکٹ دیکھ کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم بہترین فارم میں ہے اور کھلاڑی مسلسل دو سیریز سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 6 رنز سے اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کے تمام میچوں میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ گرین شرٹس ون ڈے کرکٹ میں بہترین کمبی نیشن حاصل کر چکے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.