بلائنڈ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں نے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا

0

لاہور/ڈھاکہ: پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیموں نے ورلڈ کپ میچ کے بعد ایک ایسا شاندار منظر پیش کیا جس نے کھیل میں نفرت کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے نہ صرف گرمجوشی سے ہاتھ ملایا بلکہ یہ واضح پیغام بھی دیا کہ اسپورٹس میں دشمنی، انتشار اور سیاسی کشیدگی کی کوئی جگہ نہیں۔

بھارت نے ورلڈ کپ کے اس اہم مقابلے میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی، مگر میدان کے باہر دونوں ٹیموں کے اس دوستی بھرے رویّے نے دل جیت لیے۔ پاکستانی اور بھارتی بلائنڈ ویمن کھلاڑیوں نے جذباتی لمحات میں ایک دوسرے کی تعریف بھی کی، جو خطے میں دیرینہ کشیدگی کے برعکس ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیغام تھا۔

یہ منظر اس وقت مزید اہم ہو جاتا ہے جب چند روز قبل بھارت کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں پاکستان کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کر کے کھیل کی روح کے منافی روایت قائم کی تھی۔ ویمنز ورلڈ کپ اور رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں بھی بھارتی ٹیم کی جانب سے ہینڈ شیک نہ کرنے پر شدید تنقید کی گئی۔

تاہم ہاکی، فٹ بال اور ہینڈ بال کے کھلاڑیوں نے ماضی میں بھی مثبت روایات قائم رکھتے ہوئے کھیل میں سیاست کو مداخلت کی اجازت نہیں دی، اور اب بلائنڈ ویمن کرکٹرز نے بھی ثابت کر دیا کہ کھیل دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے، توڑنے کا نہیں۔

کھلاڑیوں کے اس دلیرانہ اور انسانیت سے بھرپور رویّے نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ کھیل جیتنے سے بڑا مقصد انسانیت جیتنا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.