راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں پر مشتمل سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج پہلے میچ سے ہو رہا ہے، جس میں پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ قومی ٹیم نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے، جبکہ ایونٹ کی ٹرافی کی بھی رونمائی کر دی گئی۔
دوسری جانب سری لنکا ٹیم کو دھچکا لگا ہے جہاں کپتان چارتھ اسالنکا اور فاسٹ بولر فرنینڈو مسلسل طبیعت خراب ہونے کے باعث وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ اب داسن شناکا سیریز میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کا فائدہ اس سیریز میں بھی حاصل ہو گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ سری لنکن کپتان داسن شناکا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے ون ڈے میچز والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
زمبابوے ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے پر کام جاری ہے اور ان کا مقصد ٹرائی سیریز کے فائنل تک رسائی ہے۔
