کرپٹو لین دین میں منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ اور مشکوک ٹرانزیکشنز کی روک تھام کےلیے حکومت نے ورچوئل ایسٹ سروسز کیلئے اینٹی منی لانڈرنگ، اینٹی ٹیرر فنانسنگ ریگولیشنز کا مسودہ تیار کرلیا۔ ایف اے ٹی ایف کی شرائط کے مطابق پاکستان نے نیا فریم ورک تیار کرلیا۔
مسودے کے مطابق 10 لاکھ سے زائد کرپٹو ٹرانسفر پر مکمل ڈیٹا بیس جمع کرانے کی شرط عائدکرنے کی تجویز ہے۔ فریم ورک رواں سال سے ہی نافذ ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ٹریول رول پر مکمل عملدرآمد لازمی قرار دے دیا۔
دستاویز کے مطابق ورچوئل ایسٹ سروس پرووائیڈرز کو رقوم بھیجنے اور لینے والے کا ریکارڈ دینا ہوگا، ورچوئل ایسٹ میں منی لانڈرنگ روکنے کیلئے عالمی ہدایات پر عمل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے قواعد کا مقصد فیٹف قوانین کے مطابق بڑے کرپٹو لین دین کی سخت نگرانی ہے، کرپٹو ٹرانسفر کا ڈیٹا سرکاری اداروں کے مطالبے پر فوری فراہم کرنا ہوگا، کرپٹو بروکریج، کسٹڈی، ایکسچینج اور ٹوکن اجراء سمیت تمام سرگرمیاں ریگولیٹ ہوں گی، مشتبہ کرپٹو سرگرمیوں کی شناخت کیلئے بلاک چین ٹریکنگ ٹولز ضروری قرار دینے کی تجویز ہے۔
غیر شناختی اور مشکوک لین دین پر سخت جانچ پڑتال لازمی ہوگی، سائبر سیکیورٹی سب سے سخت ریگولیٹڈ ڈومین قرار دیا گیا ہے۔ ہر کمپنی کیلئے اتھارٹی سے منظور شدہ سالانہ سائبر سیکیورٹی پالیسی لازمی ہوگی۔ مقصد منی لانڈرنگ کیخلاف عالمی قواعد اپنا کر سرمایہ کاری محفوظ بنانا ہے۔
بورڈ ممبران کیلئے ’’فٹ اینڈ پراپر‘‘ کا معیار لازمی قرار دینے کی شرط بھی عائد کرنے کی تجویز ہے، ملکیت اور کنٹرول میں تبدیلی کیلئے ورچوئل ایسٹ اتھارٹی سے پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔ سروسز پرووائڈرز کو سرمایہ، سیکیورٹی ڈیپازٹ اور مالی استحکام برقرار رکھنا ہوگا۔
سیکیورٹی ڈپازٹ کاروبار بند ہونے پر کلیئرنس کے بعد ہی واپس ہوگا، سسٹمز کی مسلسل ٹیسٹنگ اور آڈٹ بھی لازمی قرار دے دیا گیا۔ کرپٹو مارکیٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق فن ٹیک اور ڈیجیٹل بزنس کیلئے مخصوص قوانین تیار کیے جا رہے ہیں، فریم ورک میں رسک بیسڈ اپروچ اور ٹیکنالوجی بیسڈ نگرانی بھی شامل ہے۔ مالیاتی مجرموں کے خلاف کارروائی کیلئے ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کی بھی تجویز ہے۔
بلاک چین لین دین کی نگرانی کیلئے اسپیشل یونٹ بنانے پر غور جاری ہے۔ پاکستان میں ورچوئل ایسٹ کے استعمال کیلئے قانونی ڈھانچہ تشکیل پا گیا، رواں سال فریم ورک نافذ ہونے کا امکان ہے۔

