ممبئی: کویت سے حیدرآباد جانے والی انڈیگو کی پرواز میں بم کی موجودگی کی ای میل موصول ہونے پر طیارے میں کھلبلی مچ گئی اور اسے ہنگامی طور پر ممبئی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز کو دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی تھی، جس کے بعد انتظامیہ نے فوری حفاظتی اقدامات کیے۔
ممبئی ایئرپورٹ پر پہلے ہی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، رن وے کو خالی کرایا گیا اور لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے کو ایک الگ تھلگ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں نے طیارے اور مسافروں کی مکمل تلاشی لی، تاہم کوئی بارودی مواد یا مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔
تمام حفاظتی کارروائیوں کے بعد پرواز کو تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر سے دوبارہ سفر کی اجازت مل گئی۔
بھارتی حکام کے مطابق گزشتہ 11 ماہ میں مختلف ایئر لائنز اور ایئرپورٹس کو بم دھماکوں کی 999 جعلی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔ سول ایوی ایشن سیکیورٹی نے گزشتہ سال جھوٹی دھمکیاں دینے والوں کے لیے پانچ سالہ فضائی پابندی کی تجویز دی تھی، تاہم جعلی الرٹس کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

