ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنی تعداد، اخلاق، سماجی کردار اور دینی وابستگی کے باعث ہمیشہ ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ روشن چہرۂ اسلام اور پاکستان کی مثبت پہچان اجاگر کرنے میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔
اسی سلسلے کی ایک خوبصورت مثال اس وقت سامنے آئی جب سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے چیئرمین حافظ محمد اسلم حق نے مسلم سینٹر فیورست کے صدر راجہ عبدالمجید کو ختمِ نبوت ﷺ کے فروغ اور نوجوان نسل کی دینی تربیت کے لیے ان کی بہترین خدمات پر غلافِ کعبہ کا مقدس تحفہ پیش کیا۔
تقریب کے دوران حافظ محمد اسلم حق نے مسجد انتظامیہ اور مسلم سینٹر فیورست کی پوری ٹیم کی دینی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
“پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ دین و وطن کا نام روشن کیا ہے، اور یہ خدمات ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔”
تقریب میں امام مسلم سینٹر فیورست قاری نور علی سیالوی، فیاض مغل، قاری اسرار احمد، حافظ محمد اسلم حق، راجہ عبدالمجید، سینئر صحافی ناصر اکبر سمیت دیگر معزز افراد نے شرکت کی اور آخر میں ایک خوبصورت گروپ فوٹو بھی لیا گیا

